19 اکتوبر ، 2015
کراچی .......اینٹی نارکوٹکس فورسز نے منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کراچی کے علاقے درمحمد گوٹھ سے یرغمال بنائے گئے 13غیر ملکیوں کو بازیاب کراکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
کراچی کے علاقے در محمد گوٹھ میں اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ خفیہ اطلاع پر در محمد گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے تیرہ یرغمال بنائے گئے غیر ملکی بازیاب کرالیا گیا۔
بازیاب کرائے گئے آٹھ افراد کا تعلق تنزانیہ اور پانچ کا نائجیریا سے ہے جبکہ اے این ایف نے ایک کلو ہیروئن اور 20 کلو ہشیش بھی بیرون ملک اسمگل کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہیں جبکہ بازیاب تیرہ غیر ملکیوں کو بین الاقوامی اسمگلر سلیم بلوچ نے منشیات کی زر ضمانت کے طور پر رکھا تھا،اے این ایف حکام کے مطابق اسمگلر سلیم بلوچ مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے بلوچستان حکومت کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔