19 اکتوبر ، 2015
کوئٹہ......کوئٹہ میںسریاب روڈ پر مسافر بس میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد11 ہو گئی ہے جب کہ زخمیوں میں 5شدید زخمی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا،واقعے میں پانچ سے چھ کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا،دھماکے میںمسافر بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دھماکے سے قریب واقع عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس کے مطابق مسافر بس کوئٹہ اور سریاب کے درمیان چلنے والی آج کی آخری بس تھی جس میں زیادہ تر کوئٹہ کی نواحی آبادیوں کے لوگ سوار تھے ایک اندازے کے مطابق بس میں50سےزائد افراد سوار تھے جبکہ بس کی چھت پر بھی مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دو درجن سے زائد زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں جن میں5افراد شدید زخمی ہیں، اسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میںاضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر درانی نے بھی ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بی ڈی ایس کےمطابق بم بس کے پچھلے حصے میں رکھاگیاتھا۔ انہوں نے واقعے کی مذمت کرتے ہو ئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کےتحت دہشتگردوں کےتمام ٹھکانوں کونشانہ بنایاجارہاہے۔