پاکستان
19 اکتوبر ، 2015

گرمی رخصت،دیامر اور غذر میں برفباری سے موسم ٹھنڈا

گرمی رخصت،دیامر اور غذر میں برفباری سے موسم ٹھنڈا

اسلام آباد......گرمی جارہی ہے سردی آرہی ہے۔ کالام ، چترال ، دیامر اور غذر میں برفباری سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ آج رات ان علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ سندھ ،پنجاب ، خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، کشمیر اور مری سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے سردی کا پیغام دے دیا ۔

مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا۔ چترال ، کالام ، دیامر اور غذر میں ہونیوالی برفباری نے قریبی علاقوں میں سردی کی دستک دے دی۔

سوات اور باجوڑایجنسی سمیت خیبرپختون خوا کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے ۔ سيالکوٹ،راجن پور اور گجرات سمیت پنجاب اور شمالی بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی بارانِ رحمت نے موسم کو تبدیل کردیا۔ حیدرآباد اور گردونواح میں شام ڈھلتے ہی گرد و غبار کا طوفان اٹھا اور پھر جم کر بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

کشمیر اور ملکہ کوہسار مری میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔موسمیات والوں کا کہنا ہے آج رات مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :