پاکستان
22 اکتوبر ، 2015

الیکشن کمیشن کی فافن کو ایکریڈیشن کارڈ کیلئے شرط

الیکشن کمیشن کی فافن کو ایکریڈیشن کارڈ کیلئے شرط

کراچی.......بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ کرنی ہے تو پہلے عملے کی سیکورٹی کلیئرنس کرائیں، الیکشن کمیشن نے غیر سرکاری تنظیم فافن کی ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کی درخواست پرکورا جواب دے دیا۔

فافن کے مدثررضوی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی مانیٹرنگ کی راہ میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں ، سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کی مانیٹرنگ کے لیے 3 ہزار آبزرورز کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے میں سہولت فراہم کی جائے۔

پاکستان میں الیکشن عمل کی نگرانی کرنےو الے غیر سرکاری ادارے فافن نے 15 ستمبر اور19 اکتوبر کوالیکشن کمیشن کےنام چٹھی لکھی ۔ 21 اکتوبر کوجواب کچھ یوں ملا کہ تمام 3 ہزار آبزرورز کی پولیس یا متعلقہ ایجنسی سے سیکورٹی کلیرنس کرائیں۔

فافن کے ہیڈ آف پروگرامز مدثر رضوی کہتےہیں کہ گزشتہ 8 سال سے انتخابی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں ،کبھی ایسی پابندی عائد نہیں کی گئی ، الیکشن کمیشن نظام کوشفاف بنانے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن نگرانی کے عمل میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔آبزرورز کو نگرانی سے روکنے پر بلدیاتی الیکشن کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگے گا۔

فافن نے پاکستان تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے معاملے کانوٹس لینے کی استدعا کی ہے۔ ادھر الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشن خورشید عالم نے جیو نیوز کے رابطہ پر اعتراف کیا کہ ماضی میں الیکشن آبزرورز کی سیکورٹی کلیئرنس کی پابندی عائد نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایات پر فافن کو جواب بھجوایا گیا۔

مزید خبریں :