23 اکتوبر ، 2015
کراچی......حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ۔ کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری بندہے ۔
کراچی میں نو محرم کا مرکزی جلوس دن 11 بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا،اس وقت شہر بھر سے کچھ جلوس، مرکزی جلوس میں شامل ہونے کے لیے مختلف علاقوں سے نکل گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نویں محرم کا جلوس سیکٹرجی 6 سے برآمد ہوگا۔بنوں میں آج شام5 بجے سے 10 محرم کی شام 5 بجے تک جلوس کی گز گاہوں پر کرفیو نافذ رہے گا جبکہ امن کمیٹی ممبران کی بھی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جو ہر آنے جانے والے پر نظر رکھ سکیں۔
سکھر کے علاقے روہڑی میں پانچ سو سالہ تا ریخی جلوس امام بارگاہ شاہ عراق سے بر آمد ہوگیا ۔ جو مختلف مقامات پر قیام کرتا ہوا، کل 10 محرم کو ختم ہو گا ۔روہڑی کی امام بارگاہ شاہ عراق سے رات گئے تاریخی ماتمی جلوس برآمد ہوا ۔ جلو س میں شریک ہزاروں عزادار رات بھر حضرت حسین کی یاد میں نوحہ خوانی کرتے رہے ۔
جلوس میں شامل شرکا شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچے جہاں انھو ں نے قیام کیا۔ اس موقع پر روہڑی اور سکھر انتظا میہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظا ما ت کیے گئے تھے،، جلوس میں شامل افراد دوپہر بارہ بجے دوبارہ اپنی منزل کی جانب گامز ن ہوں گے ۔
پشاور میں نو محرم الحرام کے 19 ماتمی جلوس برآمد ہورہے ہیں۔ جو رات گئے اختتام پذیرہوں گے۔ پشاور میں مرکزی جلوس کی گزہ گاہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پشاور کی امام بارگاہ حسینہ ہال صدر سے نو محرم کا مرکزی جلوس 10 بجے برآمدہوگا۔ جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں گوڑگھٹڑی، علی کالونی، امامیہ کالونی، گنج، جہانگیر پورہ اور اندرون شہر دیگر مقامات سے مجموعی طور پر 19 ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔
عزادار زنجیر زنی کریں گے اور سینہ کوبی کی جائے گی۔ جلوسوں کی روانگی سے قبل مجالس کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔ جلوس رات گئے اپنے مقررہ راستوں سے گزرتے ہوئے اختتام پذیرہوں گے۔