23 اکتوبر ، 2015
کراچی ......وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صدار ت میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور موبائل فون سروس نو محرم الحرام کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس کے بعد حکومت سندھ کی درخواست پر کراچی میں 9محرم الحرام کو موبائل سروس معطل کردی گئی۔
اجلاس میں محرم الحرام کی سیکیورٹی، فورسز کی تعیناتی، نگرانی اور انٹیلی جنس رپورٹ کا جائزہ اجلاس میں سیکیورٹی حکام سے مشاورت کے بعد وفاقی حکومت کو 9 محرم الحرام کو بھی موبائل فون سروس بند رکھنے کی درخواست کی ،اس موقع پر پولیس رینجرز اور دیگر اداروں کے افسران نے بریفنگ دی ۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان رینجرز نےکراچی میں 78اور صوبے میں 104 حساس جگہوں کا تعین کیا ہے،رینجرز، پولیس اور حساس ادارے مکمل سیکیورٹی پلان کے تحت کام کررہے ہیں،جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے 3 حصار بنائے گئے ہیں ، نگران کیمروں، فضائی نگرانی اور انٹیلی جنس نیٹ ورک سے سیکیورٹی کنٹرول کی جائے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس اور رینجرز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہےکئی عناصر گرفتار کئے گئے ہیں ۔ کراچی میں رینجرز کے 5 ہزار جوان سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔
رینجرز کے سیکٹر اور ونگ کمانڈرز سیکیورٹی اقدامات کی سربراہی کررہے ہیں، سندھ کے دیگر شہروں میں 3 ہزار سے زائد رینجرز اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہےہیں۔