24 اکتوبر ، 2015
جیکب آباد.....جیکب آباد میں ماتمی جلوس کے دوران گزشتہ روز ہونےوالے دھماکے میں شہید 5 افراد کی نما زجنازہ ادا کردی گئی ہے ،صورتحال کا جائزہ لینے وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ جیکب آباد پہنچ گئے ہیں۔
جیکب آباد میں نو یں محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے دوران ہونے والے دھماکے پر آج شہر کی فضا سوگوار ہے ،دھماکے میں شہید ہونے والو ں کی نماز جنازہ ادا کرنے کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اعلی سندھ جیکب آباد پہنچ گئے ہیں ،جہاں ان کو دھماکےکے بعد کی صورتحال اور تحقیقات میں ہونیوالی پیشرفت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
شہر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے رینجرز کا گشت جاری ہے، پاک فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے، شہرکے داخلی و خارجی راستے ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہیں ،واقعے کےخلاف شیعہ تنظیموں کا ڈی سی چوک پر دھرنا جاری ہے ،شیعہ علماکونسل کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم کیےجانے تک میتوں کے ساتھ دھرنا جاری رہےگا۔