27 اکتوبر ، 2015
کراچی ......نامور اداکارہ نیئر سلطانہ کو اپنے مداحوں سے بچھڑے23 برس بیت گئے۔نازلی کے فلمی نام سے فنی سفر کا آغاز کرنے والی نیئر سلطانہ 1935 ء میں بھارتی شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئیں۔
تقسیم ہند کے بعدکراچی اور پھر لاہور منتقل ہوگئیں، جہاں ہدایتکار انور کمال پاشا سے ملاقات ہوئی اور 1955 میں فلم ’’قاتل‘‘سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
نیئر سلطانہ اور درپن کی جوڑی فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ ازدواجی زندگی میں بھی سپرہٹ رہی۔ درپن اور نیر سلطانہ کو سنیما اسکرین کی حسین ترین جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔
باجی ، سہیلی اور گھونگھٹ جیسی فلموں کی ہیروئن نیر سلطانہ کے کیرئیر کا دوسرا دور کریکٹرایکٹریس کا تھا جس میں انہوں نے خود کو منوایا اور ملکہ جذبات کہلائیں۔
نیرسلطانہ کینسر کے جان لیوا مرض میں مبتلا ہونے کے بعد 27اکتوبر1992 اپنے شوہر کے پہلو میں ابدی نیند سوگئیں۔