28 اکتوبر ، 2015
کراچی.......امریکی کرنسی روپے پر مزید حاوی ہوگئی، بینکوں کے درمیان لین دین میں ڈالر 26 پیسے مہنگا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر گرگئی۔
اریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں بدھ کو ڈالر کی قدر 26 پیسے اضافے کے ساتھ 105 روپے 51 پیسے پر جا پہنچی ہے۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے بینکوں کوموجودہ سطح سے زیادہ پر ڈالر کی لین دین نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب عوام کیلئے اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 40 پیسے مہنگی ہونے کے بعد 105 روپے 70 پیسے کی سطح پر دیکھی جارہی ہے۔ روپے کی قدر میں اس کمی سے جہاں ملکی برآمدات میں کمی کے سلسلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی وہیں ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی بڑھ جائے گا۔