دنیا
28 اکتوبر ، 2015

یمن : حوثیوں کوبراستہ سمندر اسلحہ سپلائی کی کوشش ناکام

یمن : حوثیوں کوبراستہ سمندر اسلحہ سپلائی کی کوشش ناکام

ریاض........یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے زمینی اور فضائی فوجی آپریشن میں مصروف اتحادی ممالک نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے حال ہی میں سمندر کے راستے حوثی باغیوں کو اسلحہ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق کشتیوں کے ذریعے حوثی باغیوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کی کوشش کی گئی تھی مگر ان کشتیوں کو سمندر ہی میں تباہ کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ستمبر کے آخر میں اتحادی ممالک نے سلطنت اومان کے ساحلی شہر صلالہ کے جنوب مشرق میں بحر عرب میں ایران سے اسلحہ لے کر آنے والی ایک کشتی پکڑی تھی۔

کشتی میں 14 ایرانی سوار تھے۔ انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ ایران سے آنے والی یہ کشتی حوثی باغیوں کو اسلحہ پہنچانے کے لیے بھجوائی گئی تھی۔یہ واقعہ 26 ستمبر کو پیش آیا تھا جب سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی ممالک کے یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے آپریشن کے دوران دن ایک بجے بحر عرب میں ایک کشتی پکڑی گئی تھی۔ یہ کشتی کھلے سمندر میں صلالہ شہر سے کوئی 150 میل دور تھی۔

کشتی کی تلاشی لینے کے بعد وہاں سے بڑی تعداد میں بم، راکٹ، بکتر بند گاڑیوں کو اڑانے کے لیے استعمال ہونے والے کونکوس طرز کے 10 راکٹ،BGM-17 نامی 54 ٹینک شکن راکٹ، ہدف کی نشاندہی کرنے والے 4 جدید مواصلاتی سسٹم، تین راکٹ لانچنگ پیڈ اور ایک بیٹری بردار گاڑی شامل تھے۔

مزید خبریں :