29 اکتوبر ، 2015
واشنگٹن.......شامی نژاد امریکی خاتون ثریا فقس نے 2016 ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں۔
بنیادی طور پر ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھتی تھیں مگر انہوں نے پارٹی کی جانب سے نامزدگی ملنے میں دشواری کا سامنا کرنے کے پیش نظر آزاد حیثیت میں کاغذات جمع کروائے ہیں۔
فقس1981 میں شامی والد میچیل فقس اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی ماں ڈولی کے ہاں نیویارک میں پیدا ہوئی۔ ان کے والد 1971 میں حلب سے امریکا ہجرت کر گئے تھے اور ان کی والدہ 1981 میں امریکا ہجرت کر گئی تھیں۔
سیاسیات میں اعلیٰ تعلیمی ڈگری رکھنے والی فقس کا کہنا ہے کہ اگر وہ منتخب ہوئیں تو ان کی اولین ترجیح امریکی قومی سلامتی کا تحفظ ہو گا۔ انہوں نے بین الاقوامی تعلقات اور یورپی اسٹڈیز میں بھی تعلیم حاصل کر رکھی ہے،اور15 سال تک تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دی ہیں۔