01 نومبر ، 2015
ماسکو........مصر میں گر کر تباہ ہونے والے روسی طیارے کے ملبے سے ایک سو انتیس افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔تفتیشی ٹیموں نے مختلف زاویوں سے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔ مرنے والوں کی یاد میں روس میں آج یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
مصر کے شہر شرم الشیخ سے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ جانے والا روسی طیارہ گزشتہ روز مصر کے علاقے سینائی میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔حادثے میں عملے کے سات ارکان اور سترہ بچوں سمیت دو سو چوبیس مسافر ہلاک ہو گئے ہیں ۔
مصری وزیر اعظم شریف اسماعیل کے مطابق اب تک ایک سو انتیس افراد کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کردی گئی ہیں ۔لاشیں اور طیارے کا ملبہ آٹھ مربع کلو میٹر پر پھیل گیا ہے جبکہ جہاز کا بلیک باکس مل گیا ہے ۔حادثے کی تحقیقات کے لیے روسی ماہرین کی ٹیم قاہرہ پہنچ گئی ہے ۔
تفتیش کارنے ممکنہ دہشتگردی ، تکنیکی خرابی اور انسانی غلطی سمیت مختلف زاویوں سے حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ روسی حکومت نے مرنے والوں کی یاد میں آج قومی یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ مرنے والوں کے لواحقین شدت غم سے نڈھال ہیں اور اپنے پیاروں کے لاشوں کے منتظر ہیں۔ سینٹ پیٹرز برگ ایئر پورٹ پر لوگوں نے مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور پھول رکھے۔