02 نومبر ، 2015
ماسکو...... روسی حکام نے دعویٰ کیا ہےکہ مصر میں تباہ ہونے والا روسی طیارہ ہوا میں ہی ٹوٹ گیا تھا،حادثے کی تحقیقات جاری ہیں، ہلاک ہونے والوں میں سے 162 افراد کی لاشیں روس پہنچا دی گئیں ۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ مصر کے صحرائے سینا میں گرنے والاروسی مسافر طیارہ زمین سے ٹکرانے سے قبل ہی تباہ ہو گیا تھا۔ طیارے میں سوار اب تک 224 میں سے 163 افراد کی لاشیں مل چکی ہیں،دیگر کیلئے تلاش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ہفتہ کو روسی طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 163افراد کی لاشیں آج مصر سے روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچیں۔حادثے میں طیارے میں سوار تمام 224 افراد کی زندگی کا خاتمہ ہوگیا تھا ،جس میں 25 بچے بھی شامل ہیں۔224 میں سے ابھی صرف 163 افراد کی لاشیں ملیں ہیں ،باقی کی تلاش جاری ہے۔
گزشتہ روز روس میں قومی سطح پر ایک دن کا سوگ منایا گیا اور قومی پر چم سرنگوں رہا ۔ سینٹ پیٹرز برگ ایئر پورٹ پر عوام نے متاثرین کی یاد میں پھول،شمعیں اور کھلونے رکھے۔اور اپنے پیاروں کو یاد کیا۔ کچھ غم میں یہ کہتے رہے کہ میں اب جینا نہیں چاہتا،اب مجھے مزید زندہ رہنے اور کمانے میں دلچسپی نہیں ،میرے دوست ہیں،لیکن وہ صرف دوست ہیں،فیملی نہیں۔
طیارے کے دونوں بلیک باکس اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر بھی تلاش کر لیاگیا ہے اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔