03 نومبر ، 2015
جدہ…شاہد نعیم …مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی انتظامی کونسل کے چیئرمین اور امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے مسجدالحرام کے لیے تین نئے موٴذن کے تقرر کی منظوری دے دی ہے۔
مسجد الحرام میں موٴذن کی خدمات انجام دینے والے نئے قراء کے نام حسین بن حسن شحات، ہاشم بن محمد السقاف اور عمادی بن علی بقریٰ ہیں۔
نئے موٴذن کے تقرر سے قبل مسجد الحرام میں 15 قراء اذان دینے کا فریضہ انجام دیتے تھے۔ اب ان کی تعداد 15 سے بڑھ کر 18 ہو گئی ہے۔
مسجد حرام میں اذان کے لیے آنے والے تمام قراء کو حرم شریف میں اذان کے لیے تمام ضروری شرائط پر پورا اترنا ضروری ہے۔
خانہ کعبہ میں اذان کی شرائط پر پورا اترنے والے دیگر قراء میں صلاح بن ادریس فلاتہ، محمد بن احمد باسعد، عبداللہ بن فیصل خوقیر اور سہیل بن عبدالملک حافظ نمایاں ہیں۔
نئے مقرر کردہ موٴذن جلد ہی اپنے فرائض کی ادائیگی شروع کردیں گے۔ خیال رہے کہ مسجد الحرام میں موٴذن حضرات کی تقرری کا اختیار حرمین شریفین کی نگراں کمیٹی کے چیئرمین کے پاس ہوتا ہے۔