06 نومبر ، 2015
لودھراں......وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ رکاوٹیں نہ آتیں تو کسان پیکج پر عمل درآمد شروع ہونے کے بجائے مکمل ہوچکا ہوتا، جانتےہیں کسان پیکج پر عملدرآمد کس نے روکا۔
وزیر اعظم نواز شریف نے لودھراں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنا ہمارا شیوہ نہیں ، دعویٰ کرتے ہیں کسانوں سے محبت کا ، اور ہمیں کام کرنے سے روکتے ہیں ۔کسانوں کی خدمت عبادت ہے ،اسے اپنے لیے خوش نصیبی سمجھتے ہیں۔ رکاوٹیں نہ آتیں تو کسان پیکج پر عمل مکمل ہوچکا ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ2017 میں ہر جگہ گیس ، پانی ، بجلی اور موٹروے ہوگا۔ عوام کا درد اپنے سینے میں رکھتے ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان نے لودھراں کے اسپورٹس کمپلیکس میں کسان پیکیج کے تحت کسانوں کو امدادی رقوم کے چیک تقسیم کیے۔ بعد میں میاں نوازشریف نے لودھراں اسٹیڈیم میں کسانوں کے جلسہ عام سے خطاب بھی کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ رکاوٹیں نہ آتیں تو کسان پیکج پر عمل درآمد شروع ہونے کے بجائے مکمل ہوچکا ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لودھراں کی عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ نواز کا بھرپور ساتھ دیا، ہم بھی ان کا خیال رکھیں گے ۔نوازشریف نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ 2017 کا پاکستان بہت خوشحال ہوگا ۔ ہر جگہ گیس ہوگی ، پانی ہوگا، بجلی ہوگی اور موٹروے گزرے گا۔