09 نومبر ، 2015
لاس اینجلس ......کیلیفورنیا میں ہونیوالی ایک نیلامی میں دی بیٹلز راک بینڈ کے مشہور سنگر جان لینن کے زیر استعمال رہنے والا گٹار 24لاکھ ڈالر میں فروخت ہوگیا۔
گبسن جے 160ای ماڈل کے اس گٹار کو1962میں جان لینن کیلئے منگوایا گیا تھا جسے لینن نے اپنے کئی مشہورگانوں کی ریکارڈنگ میں بھی استعمال کیا تھا۔
یہ گٹار تقریباً ایک سال تک جان لینن کے زیر استعمال رہا، 1963کے بعد سے کسی کو نہیں معلوم تھا کہ یہ گٹارکہاں غائب ہو گیا۔
ایک خبر رساں ادارے کے مطابق اس گٹار کے موجودہ مالک جان مکاؤنے 60کی دہائی میں 275امریکی ڈالرز کے عوض اس گٹار کو خریدا تھا۔تصدیق کے بعد پتہ چلا کہ یہ وہی گٹار ہے جو جان لینن کے زیر استعمال رہا ہے جسے اب بیورلی ہیلز میں ہونیوالی ایک نیلامی میں پیش کیا گیا اوریہ24لاکھ ڈالر میں نیلام ہو گیا ہے۔