09 نومبر ، 2015
غزہ.........فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس اور مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان قاہرہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی کی سرحد کو مشترکہ طورپر کنٹرول کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس ملاقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مصری فوج کی غزہ کی سرحد کو بند کرنے کے لیے جتنے بھی اقدامات کیے ان میں فلسطینی اتھارٹی کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے۔ مصری فوج کے تمام اقدامات دو طرفہ کورآرڈی نیشن کا نتیجہ ہیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے اتوار کو قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے فلسطینی علاقوں میں کشیدگی کم کرنے اور غزہ کی پٹی کی راہ داریوں کے مشترکہ کنٹرول پر اتفاق کیا۔مصری ایوان صدر کے ترجمان علا یوسف نے بتایا کہ صدر السیسی نے واضح کیا ہےکہ غزہ کی پٹی سے متصل مصر کی مشرقی سرحد کے تحفظ کی خاطر جتنے بھی اقدمات اٹھائے گئے ہیں ان میں فلسطینی اتھارٹی کو مکمل اعتماد میں لیا گیا ہے۔