دنیا
10 نومبر ، 2015

صدر بر اوباما کی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات

صدر بر اوباما کی اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے ملاقات

واشنگٹن.........امریکی صدر بارک اوباما نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے منگل کو واشنگٹن میں ملاقات کی ہے ۔

صدر اوباما نے کہا ہے اس ملاقات کا مقصد مشرق وسطیٰ کے بگڑتے ہوئے سکیورٹی کے ماحول سے نمٹنے کے لیے طریقہ کار تلاش کرنا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کچھ تلخی رہی،اور ایک برس سے زائد عرصے کے دوران یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات چیت جولائی میں امریکا اور پانچ دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام پر طے ہونے والے سمجھوتے پر نیتن یاہو کی کھل کر مخالفت سامنے آنے کے بعد ہوئی ہے ،تاہم صدراوباما نے اِسے نااتفاقی کا ایک معمولی معاملہ قرار دیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدت سے قائم فوجی اور سکیورٹی سے متعلق اتحاد کا گرم جوشی سے اعادہ کیا گیا۔ اوباما نے اسرائیل کی سلامتی کو اپنی خارجہ پالیسی کا اولین مقصد قرار دیا،اور کہا کہ وہ اور نیتن یاہو اس بات کو زیر غور لائیں گے کہ داعش، حزب اللہ اور دیگر باغی گروپوں کی سرگرمیوں کا کس طرح کھل کر مقابلہ کیا جائے ۔

اوباما نے کہا کہ ایران کی جانب سے عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کو روکنے کے سلسلے میں دونوں رہنما یکساں لائحہ عمل تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پرنیتن یاہو نے اسلحے سے پاک فلسطینی ریاست اور یہودی ریاست کے وجود کے حق کو تسلیم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امن اور دونوں عوام کے لیے دو ریاستی حل کی توقعات ترک نہیں کیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ملکوں کے ساتھ بھی ہم حقیقی امن کے حصول کی خواہش رکھتے ہیں۔نیتن یاہو نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی فوجی امداد بڑھانے کے لیے بھی کہا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس ملاقات کے دوران امریکا اور اسرائیل کے درمیان 30 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے بھی طے پائے ہیں۔

مزید خبریں :