10 نومبر ، 2015
کابل........چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔اور افغانستان کیساتھ دہشتگردی کے خاتمے ،دیرپا امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کیلئے مل کرکام کرنے کا عزم کیا گیا۔
افغان خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان و پاکستان ڈینگ ژی جن نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کے دوران افغانستان کو چین کا اہم حلیف قرار دیا۔چینی نمائندے نے کہا کہ بیجنگ کابل کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے اور افغانستان میں دیرپا امن واستحکام اور اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام جاری رکھے گا ۔
اس موقع پرصدر اشرف غنی نے چین کا افغانستان کی حمایت پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں دیرپا امن کی ضرورت ہے،افغانستان میں امن کی پہلی جہت پاکستان کیساتھ امن اور دوسری جہت طالبان کیساتھ صلح کی ہے ، پاکستان افغانستان میں لڑنے والے طالبان کیخلاف عملی اقدامات اٹھائے ۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان ، پاکستان اور خطےکو یکساں دہشتگردی کے خطرات کا سامناہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ مشترکہ انسداد دہشتگردی اقدامات اٹھائے جائیں ۔