14 نومبر ، 2015
ویانا......یورپی حکومتوں نے فرانس بم دھماکوں کے بعد ہنگامی طور پر کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے،ویانا سمیت یورپی دارالحکومتوں میں پیرس کی عمارتوں اور تنصیبات کےگرد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
ویانا میں آج شام کے معاملے پر عالمی اجلاس ہونا تھا،برطانوی دفتر خارجہ نےفرانس میں برطانوی شہریوں کو عوامی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت جاری کردی ہیں۔لندن کے میٹروپولیٹن پولیس اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ اس موقع پر ملک بھر میں پولیس سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔لندن کے گیٹوک ہوائی اڈے کے نارتھ ٹرمنل کو مشتبہ پیکٹ ملنے پر حفاظتی اقدامات کے طور پر مسافروں سے خالی کرالیا گیا۔لندن میں فرانسیسی سفارت خانے نے ٹوئٹ کیا ہے کہ وہ لندن میں مقیم تقریبا 3 لاکھ افرا دپر مبنی فرانسیسی کمیونٹی کی سیکورٹی کے لئے برطانوی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
بلجیم نے جنوبی سرحد کی جانب غیر ضروری سفر سے اپنے شہریوں کو روک دیا ہےاور فرانس کے ساتھ ملحقہ سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ پرقومی سلامتی کے معاملات پر اہم رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کرنے کا عندیہ دیا ہے،اسی طرح یورپ کے دیگر ممالک آسٹریا،جرمنی،اٹلی اور اسپین نے بھی قومی سلامتی کے معاملے پر اجلاس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
روس میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے،جرمن چانسلر انجلا مرکل ، ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے جس میں فرانس اور اس سے جڑے دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔پولینڈ نے دہشت گردی کے خطرات سے بچنے کے لئے ہوائی اڈوں پر سیکورٹی اور چیکنگ بڑھا دی ہے۔