دنیا
16 نومبر ، 2015

مصر: اسرائیلی سرحد کے قریب سے 15 افریقیوں کی لاشیں برآمد

مصر: اسرائیلی سرحد کے قریب سے 15 افریقیوں کی لاشیں برآمد

واشنگٹن........مصر میں پولیس نے اسرائیلی سرحد کے نزدیک واقع ایک علاقے سے 15 افریقی باشندوں کی لاشیں برآمد کی ہیں جنہیں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں جائے واقعہ سے آٹھ افراد زخمی حالت میں بھی ملے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد افریقی تارکینِ وطن ہیں جو اتوار کی صبح جزیرہ نما سینائی کے جنوبی سرحدی قصبے رفحہ کے نزدیک سے ملے ہیں۔

رفحہ کا قصبہ ایک جانب فلسطینی علاقے غزہ جب کہ دوسری طرف اسرائیل سے متصل ہے۔تاحال یہ واضح نہیں کہ ان افراد کو کس نے گولیاں ماریں۔ مصری پولیس نے ہلاک اور زخمی تارکینِ وطن کی قومیت بھی نہیں بتائی ہے۔جزیرہ نما سینائی ان افریقی تارکینِ وطن کے راستے میں پڑتا ہے جو غیر قانونی طریقے سے اسرائیل میں داخلے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔

تاہم حالیہ برسوں کے دوران مصر کے اس صحرائی علاقے میں شدت پسند مذہبی گروہوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور یہاں مصری سکیورٹی فورسز اور جنگجووں کے درمیان کئی جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔علاقے میں شدت پسند تنظیم داعش سے ہمدردی رکھنے والے بعض گروہ بھی سرگرم ہیں جن کے حالیہ مہینوں کے دوران علاقے میں مصری فوج اور حکومت کی تنصیبات پر حملوں میں مصری فوج کے درجنوں اہلکار مارے جاچکے ہیں۔

مزید خبریں :