16 نومبر ، 2015
میانوالی......عمران خان نے کہاہےکہ تحریک انصاف دھڑوں کی سیاست ختم کرنے آئی ہے،دھڑوں کی سیاست کا کوئی نظریہ نہیں ہوتا۔
میا نوالی میں بلدیاتی انتخاب کی مہم کے دوسرے دن بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مصروف دن گزارا۔ صبح دس بجے عیسیٰ خیل سے ریلی کا آغاز کیا اور مختلف مقامات پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے رہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف دھڑے بندی کی سیاست ختم کردے گی۔دھڑوں کی سیاست کامقصدیا کوئی نظریہ نہیں ہے، ہوا چلی تو ق لیگ میں ، ہوا چلی تو ن لیگ میں ،ہوا چلی تو پی پی میں اور اگر ہوا نہیں چلی تو اکیلے کھڑے رہ گئے۔
پائی خیل میں عمران خان نے جلسے سے خطاب میںکہا حکومت نے ڈیزل پرجی ایس ٹی 25 فیصد سے بڑھا کر50 فیصد کردیا، حکومت نے غریب عوام کو نہیں سیٹھوں کو نوازا ۔ یہ لوگ سیاست میں مفادات کے لیے آتے ہیں اور پیسے کماتے ہیں۔