پاکستان
17 نومبر ، 2015

کسی پاکستانی کو دہشتگردی کے الزام میں ملک بدر کرنا ہو تو ثبوت دیں، نثار

کسی پاکستانی کو دہشتگردی کے الزام میں ملک بدر کرنا ہو تو ثبوت دیں، نثار

اسلام آباد....... وزارت داخلہ نے تمام غیر ملکی سفارتخانوں کو مراسلہ بھیجا ہے کہ اگر کسی پاکستانی کو دہشت گردی کے الزام میں ملک بدر کرنا ہوتوپاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے 300 انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس کے پاسپورٹ ، شناختی کارڈز بلاک کر کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

بیرون ملک مقیم کسی پاکستانی کو دہشت گردی کے الزام میں ملک بدر کرنا ہے تو پہلے پاکستان کو ثبوت فراہم کیے جائیں، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے غیر ملکی سفارتخانوں کو مراسلہ بھیج دیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے یہ ہدایت بھی کر دی کہ کسی ڈی پورٹی کو وزارت داخلہ کی اجازت کے بغیر عارضی سفری دستاویزات نہ جاری کی جائیں، بغیر اجازت اوربغیرسفری دستاویزات ڈی پورٹیز کو پاکستان لانے والی ائیرلائن پر جرمانہ کیا جائے، پاکستانی سفارتخانے بیرون ممالک میں پاکستانیوں کی ہرممکن مددکریں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے شناخت کیے گئے 300انسانی اسمگلرزا ور ان کے ایجنٹس کے پاسپورٹ منسوخ کرنے ، شناختی کارڈ بلاک اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ چوہدری نثار نے کہا کہ بیرون ممالک مفرور تمام انسانی ا سمگلرز کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے پاکستان واپس لایا جائے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ امریکا میں گرفتار الطاف خانانی کے حوالے سے امریکی حکام سے معلومات لے کر کارروائی کی جائے، 2008میں قائم خانانی اینڈ کالیا کیس میں ملزمان کی بریت کو متعلقہ عدالتوں میں چیلنج کیا جائے اور یہ پتہ لگایا جائے کہ پیشرفت نہ ہونے کی وجہ سیاسی ہے یا ایف آئی اے کی غفلت؟ وزیرداخلہ نے یورپی یونین سے معطل کیے گئے ری ایڈمیشن معاہدے میں موجود خامیاں دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید خبریں :