18 نومبر ، 2015
کراچی......سندھ اور پنجاب میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے لیے انتخابی مہم ختم، سندھ کے 14اور پنجاب کے 12اضلاع میں جمعرات 19نومبر کو پولنگ ہوگی ۔
سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم منگل کی شب 12 بجے ختم ہوگئی ہے۔سندھ اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا میدان جمعرات 19 نومبرکو سجے گا۔
انتخابی مہم کے آخری روزبھرپور سیاسی گہما گہمی رہی ۔ سیاسی جماعتوں سمیت آزاد امیدواربھی دھوم دھام سے ریلیاں، جلسے اور ڈور ٹو ڈور مہم چلا تے رہے ۔
پنجاب کے 12 اور سندھ کے 14 اضلاع میں پولنگ ہوگی ۔پنجاب میں اٹک ، جہلم، میانوالی حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، گوجرانوالہ ، ساہیوال،خانیوال چنیوٹ، سرگودھا ، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار 822 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
سندھ کے 14 اضلاع میں حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول مٹیاری، جام شورو، دادو، بدین ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار میرپورخاص، نواب شاہ، نوشہروفیروز، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں انتخابی معرکہ ہوگا،ان اضلاع میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 71 لاکھ 59 ہزار 494 ہے۔
پولنگ صبح ساڑھے 7 بجے شروع ہوگی اور بغیر کسی وقفے کے شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی ۔