21 نومبر ، 2015
ہالا......پیپلزپارٹی کے سینئر، رہنما مخدوم امین فہیم کی نماز جنازہ ہالا میں ادا کردی گئی۔ جنازے میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔مخدوم امین فہیم وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلاتھے۔
پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر مخدوم امین فہیم کی نمازجنازہ ہالا میں درگاہِ غوث الحق سروری نوح کے احاطے میں ادا کردی گئی۔ نمازجنازہ میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سمیت دیگر اہم سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
جنازے میں پیپلزپارٹی کے جیالوں اور سروری جماعت کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ امین فہیم کی تدفین ان کے والدطالب المولیٰ کے پہلو میں کی جائے گی۔ مخدوم امین فہیم کے انتقال کے سوگ میں ضلع مٹیاری میں عام تعطیل رہی۔
تھرپارکر، نگرپارکر،چھاچھرو اور ٹنڈو غلام علی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سوگ منایاگیا۔ مخدوم امین فہیم نے تین بھائی، تین بیویاں اور 7بیٹوں سمیت دیگر اہل خانہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔