22 نومبر ، 2015
گلگت........ ملک کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، ضلع دیامر میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جبکہ حویلیاں میں لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
ملک بھر میں ٹھنڈی اور یخ بستہ ہواؤں نے موسم کو مزید سرد بنادیا ہے۔ایبٹ آباد میں حویلیاں کی یونین کونسل ناڑا میں لینڈ سلائڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں 2 سے 3 روز کے دوران بٹوگاہ، نیاٹ ویلی اور نانگا پربت پر 3 فٹ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے۔کرم ایجنسی، مالاکنڈ ڈویژن، بالائی فاٹا، کشمیر اور بلوچستان میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے۔
سندھ کے شہروں نواب شاہ، جیکب آباد، سکھر، حیدرآباد اور پنجاب میں ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔