کاروبار
26 نومبر ، 2015

روپے کی قیمت صرف ڈالر پہ نہ پرکھی جائے،اسحاق ڈار

روپے کی قیمت صرف ڈالر پہ نہ پرکھی جائے،اسحاق ڈار

اسلام آباد......وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افواہوںکی وجہ سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 5اعشاریہ 5فی صد کم ہوئی ہے،کرنسی مارکیٹ میں ڈالر پھینک کر روپے کی قیمت مستحکم نہیں کر سکتے۔


قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے غیر رسمی اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ روپے کی قیمت کو صرف ڈالر کے مقابلے میں نہ پرکھا جائے، دوسری کرنسیوں کے مقابلے میں روپے کی قیمت 12فی صد بڑھی ہے ۔ اس وقت روپے کی قیمت انڈر ویلیو ہے جس کی کوئی وجہ نہیں۔ وزیر خزنہ نے بتایا کہ رواں سال پر تعیش اشیاء کی درآمد میں اضافے سے زر مبادلہ کے ذخائر 3اعشاریہ 5ارب ڈالر تک کم ہوئے ہیں جو افسوسناک ہے۔

بینک ترسیلات پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح اعشاریہ 3 رکھنے کی مدت میں مزید توسیع ہو سکتی ہے، یہ مدت 30نومبر کو ختم ہو رہی ہے، اس حوالےسے تاجروں سے مذاکرات حتمی مرحلے میں ہیں۔ارکان کمیٹی نے تجویز دی کہ بینک ترسیلات پرود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 2 فی صد رکھی جائے۔

اسحاق ڈار نے کمیٹی کو بتایا کہ ٹیکس ری فنڈ کی یک مشت ادائیگی سے وفاقی قابل تقسیم محصولات میںکمی ہو جائے گی جس سے مرکز اور صوبوں کو مسائل پیش آ سکتے ہیں، پاکستان کے ذمہ غیر ملکی قرضوں کا حجم 65ارب ڈالر نہیں، 52ارب ڈالر ہے، رواں ہفتے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 90کروڑ ڈالر کا مزید اضافہ ہو گا۔

مزید خبریں :