29 نومبر ، 2015
نئی دہلی........بھارتی پولیس نے ایک لڑکے کے ساتھ بدفعلی کرنے پر ایک امریکی کا چودہ دن کا ریمانڈ حاصل کر لیا ۔ امریکی شہری نے لڑکے کے ساتھ زیادتی ایک ہوٹل میں کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جس امریکی کو کولکتہ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اْس کی عمر اکاون برس ہے۔ بھارتی عدالت کے سیشن جج نے پولیس کی جانب سے امریکی شہری کے چودہ دن کے ریمانڈ کی درخواست منظور کر لی ہے۔ پولیس نے یہ مقدمہ بچوں کی حفاظت اور جنسی جرائم کے قوانین کی روشنی میں درج کیا ہے۔
کولکتہ پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیباشس دھر نے بتایا کہ جس امریکی شہری کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے، اب اْسے اگلے چودہ دن تک عدالتی ریمانڈ پر پولیس حراست میں رکھا جائے گا۔کولکتہ کے چیف پراسیکیوٹر نے بھی عدالتی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے مبینہ ملزم کے لیے ریمانڈ حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
ادھر کولکتہ میں امریکی قونصل خانے کے اہلکار اِس واقعے پر کوئی ردِ عمل ظاہر کرنے کے لیے نیوز ایجنسیوں کو دستیاب نہیں تھے ۔امریکی شہری کو ہوٹل کی جانب سے پولیس میں درج شکایت پر گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کاروں کے مطابق کولکتہ کا چودہ سالہ لڑکا اور امریکی شہری فیس بک پر ایک دوسرے کے دوست بن کر رابطہ رکھے ہوئے تھے۔
ہوٹل کے سکیورٹی منیجر جوئے دیپ پالٹ کے مطابق اْسے لڑکے نے بتایا کہ امریکی نے اْسے کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کا ارتکاب کیا۔ حالات و واقعات کے مطابق ہوٹل میں چیک اِن ہونے کے بعد امریکی شہری نے لڑکے کے ساتھ کسی قریبی مقام پر ملاقات کی اور اْس کو تحفے تحائف بھی دیے۔ بعد میں وہ اْسے ہوٹل کے کمرے میں لے آیا۔سکیورٹی منیجر کے مطابق امریکی شہری نے لڑکے کی جانب سے جنسی زیادتی پر احتجاج کرنے پر اْسے ایک سو روپے کا بھارتی نوٹ بھی دیا تھا۔
اگرالزام ثابت ہو گیا تو امریکی شہری کو جرمانے کے علاوہ کم از کم سات برس کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔