03 دسمبر ، 2015
قاہرہ......مصری عدالت ِعظمیٰ نے کالعدم قرار دیئے جانے والی اسلامی جماعت الاخوان المسلمون کے سربراہ سمیت 36 ملزمان کے خلاف جاری سزائے موت اور عمر قید کے عدالتی احکامات منسوخ کردیئے ہیں۔
عرب ٹی وی کے مطابق عدالت عظمیٰ نے اگست 2013ء میں قاہرہ کی رابعہ مسجد کے قریب مظاہروں کے دوران قتل عام کی منصوبہ بندی کے الزام کے خلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
ان الزامات کے تحت اخوان المسلمین کے مرشد اعلیٰ محمد بدیع سمیت 36سے زائد ارکان کو موت اور عمرقید کی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے ان سزاؤں کو منسوخ کرتے ہوئے مقدمات کی از سرنو تحقیقات کا حکم جاری کیا۔ مصری سپریم کورٹ نے دیگر 37 ملزمان کی عمرقید کی سزائیں برقرار رکھنے کا حکم بھی دیا۔