05 دسمبر ، 2015
کراچی.......پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا۔ راولپنڈی، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے 12اضلاع میں بھی پولنگ جاری۔پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام ساڑھے5بجےتک جاری رہے گی۔
کراچی کے چھ اور پنڈی اور ملتان سمیت پنجاب کے 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری ۔کراچی کے ضلع وسطی، غربی، جنوبی، شرقی، کورنگی اور ملیرمیں پولنگ جاری ہے۔
پنجاب کے اضلاع راولپنڈی،نارووال ،سیالکوٹ ،ملتان،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، راجن پور، مظفرگڑھ، لیہ، نارووال، خوشاب اور جھنگ میں بھی ووٹنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
جماعت اسلامی کے جنرل کونسلر کاانتقال ہونے پر کراچی میں قصبہ کالونی یوسی 13 وارڈ نمبر 4 میں پولنگ ملتوی کردی گئی ہے۔
گلستان جوہر انکم ٹیکس بلڈنگ میں بیلٹ باکس چھپانے پر جھگڑاہوا ہے،بیلٹ باکس چھپانے پر 2سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔جس کے بعد وہاں رینجرز تعینات کردی گئی۔
کراچی کے کئی پولنگ اسٹیشنوں پر شدید بدانتظامی کی شکایات ملی ہیں، کئی پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کے آغاز میں تاخیر کا سامنا ہےجبکہ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ شروع نہ ہوسکی۔