05 دسمبر ، 2015
کراچی ......کراچی کےبلدیاتی انتخابات کےلیے سکیورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، مجموعی طور پر 35ہزار اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔
بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی سب سے اہم پولنگ ہوگی 5دسمبر یعنی ہفتے کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 4ہزارایک سو54 پولنگ اسٹیشنز میں سے 631 کو حساس ترین، 1891 کو حساس جبکہ 1650 کو نارمل قرار دیاگیا ہے۔ مجموعی طور پر شہر کو تین سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اس مرتبہ کراچی کی تاریخ میں سب سے زیادہ نفری تعینات کی جارہی ہے جس کی تعداد 35 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ ساڑھے پانچ ہزار اہلکار اندرون سندھ سے منگوائے گئے ہیں جبکہ 5ہزار اہلکار سندھ پولیس کراچی پولیس کو فراہم کرے گی۔ 500پولیس موبائلز اور 8 سو موٹر سائیکلیں اہلکاروں کو فراہم کی گئی ہیں۔
چار ڈی آئی جیز، 41ایس ایس پیز اور ایس پیز، 53 ڈی ایس پیز اور اے ایس آئی سے انسپکٹر رینک کے ساڑھے پانچ ہزار افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ کراچی پولیس کے کنٹی جینسی پلان کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 7 اہلکار جبکہ روف ٹاپ پر ایک اہلکار، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 5 اہلکار اور روف ٹاپ پر ایک اہلکار جبکہ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر تین تین پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
نوہزار سے زائد رینجرز اہلکار پولیس کے ساتھ الیکشن سکیورٹی کے لئے تعینات ہوں گے۔ انتخابات کے روز شہر میں پاک فوج کی 20 کمپنیزتعینات ہوگی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق تمام اضلاع میں پولیس اور رینجرز کی بیک اپ سپورٹ کے لیے فوجی دستے بھی موجود رہیں گے جبکہ انتہائی حساس علاقوں میں پٹرولنگ بھی کریں گے۔