کاروبار
06 دسمبر ، 2015

پی آئی اے، پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز پبلک لمیٹڈ ہوگئی

پی آئی اے، پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز پبلک لمیٹڈ ہوگئی

کراچی........چیرمین پی آئی اے ناصر جعفرنے اعلان کیا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے تحت قومی ایرلائن کا نام اور قانونی حثیت تبدیل ہوگئی ہے، پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز کارپوریشن اب پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز پبلک لمیٹڈ بن گئی ہے، قومی ایرلائن کو قومی اسمبلی سے 1954میں منظور شدہ قانون کے تحت کارپوریشن بنایا گیا تھا۔

چیرمین ناصر جعفر نے پی آئی اے ہیڈ آفس کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرکاری کارپوریشن پی آئی اے کو پاکستان انٹرنیشنل ایرلائنز پبلک لمیٹڈ بنانے کا صدارتی آرڈیننس چار دسمبرکو جاری ہوا، اس اقدام سےانتظامی امورمیں بہتری آئے گی، نئی سرمایہ کاری اور نئے طیارے آئیں گے، سروس بہترہوگی اور نئے روٹس بھی کُھلیں گے۔

اس سوال پر کہ کیا یہ اقدام پی آئی اے کی نج کاری کیلئے ہے؟ چیرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ انھیں اس کا علم نہیں ، حکومت نے نج کاری نہیں ، پی آئی اے کی بحالی کا ہدف دیا ہے۔

چیرمین پی آئی اے نے بتایا کہ تمام اثاثے ، معاہدے اور دیگر معاملات پی آئی اے پبلک لمیٹڈ کمپنی کو منتقل ہوگئے ہیں ، انھوں نے واضح کیا کہ ملازمین کو فارغ نہیں کیا جائے گا، تاہم حکومتوں کی بدلتی پالیسیوں کی وجہ سے پی آئی اے کی سمت متعین نہیں ہورہی ہے۔

چیرمین پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اس آرڈیننس کو قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کرانا حکومت کاکام ہے۔

مزید خبریں :