27 مئی ، 2012
پشاور…جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان نہتے افغانوں اور پختونوں کے مقابلے میں ایک بار پھر امریکا کی گودمیں بیٹھے ہوئے ہیں۔ پختونوں کے سروں کے عوض ڈالروں کی سوداگری کر رہے ہیں۔ وہ پشاور میں ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے، جس میں اے این پی اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ روس کا جب افغانستان پر حملہ آور ہوا تو اے این پی روسیوں کی صف میں کھڑی تھی اورآج جب افغانستان پر امریکا حملہ آور ہے تو اے این پی کے صدر اسفندیار ولی خان نہتے افغانوں اور پختونوں کے مقابلے میں ایک مرتبہ پھر سامراجی قوت کے گودمیں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اے این پی مرکزاور صوبے میں برسراقتدار ہے لیکن پختون قوم تاریخ کی بدترین بدامنی،بے روز گاری،لاقانونیت،لوڈ شیڈنگ اور ان گنت مسائل سے دوچار ہے۔