پاکستان
08 دسمبر ، 2015

ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل د یدی گئی

ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل د یدی گئی

اسلام آباد........سیاسی وعسکری قیادت کےاجلاس میں ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی، وزیراعظم نوازشریف کاکہناہےکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کیلئےاپنی کوششیں جاری رکھےگا، آرمی چیف کی وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات بھی ہوئی ۔

وزیراعظم نوازشریف کی صدارت ملک کی سیاسی وعسکری قیادت مل بیٹھی۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کی تیاریوں، ایجنڈے، افغان امن عمل اور پاک بھارت تعلقات سے متعلق حکمت عملی سمیت دیگرامورکوحتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر،وفاقی وزیرخزانہ اورداخلہ سمیت وزیراعظم کے مشیرسلامتی ،مشیرخارجہ اور معاون خصوصی شریک ہوئے ۔

مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل رٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے اجلاس کو بنکاک میں بھارتی ہم منصب سے ہونےوالی اپنی ملاقات کےعلاوہ سیکورٹی ایڈوائزر سطح پر پاک بھارت بات چیت کی بحالی سےمتعلق امور سے آگاہ کیا ۔ اجلاس میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے تناظر میں افغان صدر اشرف غنی اور بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی پاکستان آمد سےمتعلق اموربھی زیرغورآئے۔

اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ون آن ون ملاقات بھی کی ،جس میں ملکی سلامتی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

مزید خبریں :