08 دسمبر ، 2015
کراچی.......سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ لٹک گیا ہے، پیر کو وزیراعظم نواز شریف سے وعدے کے باوجود وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے سمری پر دستخط نہیں کیے، اب سائیں قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لیے صوبائی اسمبلی سے منظوری لیں گے۔
آج ایک نمائش میں وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ بات چیت سے حل کیا جائے گا، آئین کے مطابق وفاقی ادارے کو بلایا جائے تو سندھ اسمبلی سے اس کی اجازت لینا لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رینجرز اور پولیس نے اچھے کام کیے ہیں جنھیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں وزیر اعظم اور آرمی چیف دونوں ہی عزیز ہیں اور دونوں سے اچھی ہم آہنگی بھی ہے۔