08 دسمبر ، 2015
اسلام آباد........پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاہےکہ پُرامن افغانستان پاکستان کی اسٹریٹجک ضرورت ہے ، کشمیرپاکستان اوربھارت کےدرمیان بنیادی مسئلہ ہے،لیکن کشمیریوں سےپوچھنا چاہئے وہ کیاچاہتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں حکومت کی کشمیر پالیسی پربحث میں حصہ لیتے ہوئے پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دونوں طرف کے کشمیریوں سے پوچھا جائے کہ وہ کسی کا حصہ بننا چاہتے ہیںیا آزاد رہنا چاہتے ہیں ۔
محمود خان اچکزئی نے کہاکہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ،افغان صدر آ رہے ہیں ، اگر کوئی بد اعتمادی ہے تو اسے دور کر لینا چاہئے ، ہمسایہ ملکوں سے بہتر تعلقات نہ بنے تو ترقی کے سارے خواب چکنا چور ہو جائیں گے۔
وفاقی وزیرامور کشمیر برجیس طاہر نے کہاکہ پاکستان نے ہرموقع پر کشمیر کی بات کی، اسی لیے ہندوستان نے کئی مذاکرات ملتوی اور کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردے کرخطے میں حالات خراب کیے، پاکستان کا کوئی کام کشمیریوں کی منشاء کےخلاف ہونہیں سکتا۔