27 مئی ، 2012
ڈی جی خان…ڈیرہ غازی خان میں ڈی سی او کے حکم پر ضلعی انتظامیہ کے اہل کاروں نے سب انسپکٹر کے نام الاٹ سرکاری کوارٹر کو باہر سے تالے لگا کر اہل خانہ کو اندر قید کر دیا۔سرکاری کوارٹر میں مقیم سب انسپکٹر محمد اصغر نے بتایا کہ وہ تھانہ گدائی میں تعینات ہے۔ صبح وہ ڈیوٹی پر تھا تو ڈی سی او افتخارعلی سہو کے حکم پر ضلعی انتظامیہ کے اہل کار اس کے گھر گئے اور اہلخانہ کو کوارٹر خالی کرنے کے لئے کہا۔ تاہم کوارٹر خالی نہ کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے اْسے اطلاع دیئے بغیر کوارٹر کو باہر سے تالے لگا دیئے اور اس کے اہل خانہ گھر میں قید ہوگئے۔ محمد اصغر ڈیوٹی سے واپس آیا تو اسے واقعے کا علم ہوا۔ اْس کی اطلاع پر تھانہ سول لائن پولیس نے شہریوں کے ساتھ مل کر کوارٹر کے تالے توڑے اور صبح نو بجے سے اندر موجود محمد اصغر کی بیوی اور بچوں کو رہائی دلائی۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق ڈی سی او نے یہ کوارٹر آج ہی محکمہ فنانس کے ملازم کو الاٹ کیا تھا۔