11 دسمبر ، 2015
اسلام آباد......... مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیکریٹری خارجہ ملاقات آئندہ ماہ ہو گی جس میں طے کیا جائے گا کہ جامع مذاکرات کب اور کیسے شروع کیے جائیں، مذاکرات میں اب کشمیر پر بھی بات ہو گی۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ بھارت اب کشمیر پر بات کرنے کو تیار ہو گیا ہے ، تعلقات میں بہتری سے ایل او سی پر جانوں کے ضیاع میں کمی ہو گی۔
سرتاج عزیز نےبتایاکہ کرکٹ کا موضوع ہارٹ آف ایشیا ء کانفرنس کےایجنڈے پر نہیں تھا تاہم کھانے کی میز پر بھارتی وزیر خارجہ سے کرکٹ پر بات کی تھی۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں افغانستان نے واضح اشارہ دیا کہ وہ طالبان سے مذاکرات چاہتا ہے، اب اس معاملے پر پیش رفت بھی ہو گی، تاہم یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مری امن مذاکرات کا اگلا مرحلہ کب ہو گا ۔