14 دسمبر ، 2015
کراچی......اپوزیشن ارکان نے رینجرز اختیارات میں توسیع سے متعلق قرارداد پیش نہ کرنے پر سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں حکومت نہیں بادشاہت ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے پر احتجاج کے بعداسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احتجاج میں حصہ نہ لینے والی جماعت ایم کیوایم کے رکن خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ سندھ میں حکومت نہیں بادشاہت ہے، رینجرز کے معاملے پر اپوزیشن کے دوستوں نے احتجاج کرکے انہیں راہ فرار کا موقع دیا ۔
سابق وزیراعلیٰ لیاقت جتوئی کا کہنا تھاکہ وائٹ کالر کرپشن پکڑنے کے لیے بھی اختیارات دینے چاہئیں۔ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا رینجرز اور آرمی کو پورے سندھ میں اختیارات دینے چاہیں ساری کرپشن تو اندرون سندھ ہورہی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا کیا مؤقف ہے سمجھ نہیں آیا، ان سے کہاتھاکہ ہمارے ساتھ احتجاج کریں لیکن وہ نہیں مانے۔
اراکین اپوزیشن نے کہا ہے کہ کل پرائیویٹ ممبر ڈے ہونے کی باعث رینجرز اختیارات سے متعلق اجلاس میں قرارد اد پیش نہیں کی جاسکے گی۔