دنیا
14 دسمبر ، 2015

یمن : سعودی عرب اورامارات کے دوسینئر کمانڈر جاں بحق

یمن : سعودی عرب اورامارات کے دوسینئر کمانڈر جاں بحق

الریاض.........سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دوسینئر کمانڈروں سمیت چار فوجی یمن میں حوثی ملیشیا کے ساتھ لڑائی میں جاں بحق ہوگئے۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے پیر کو اطلاع دی کہ سعودی عرب کے اعلیٰ فوجی افسر عبداللہ بن محمد السہیان اور اماراتی افسر سلطان محمد علی الکتبی یمن کے وسطی شہر تعز کے نزدیک حوثی ملیشیا کے ساتھ لڑتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے ۔حوثی ملیشیا نے اپنے میڈیا ذریعے سے یہ خبر جاری کی ہے کہ دونوں فوجی افسروں پر بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں راکٹ حملہ کیا گیا تھا۔

اس حملے کی اطلاع ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حوثی ملیشیا اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کے درمیان آج نصف شب سے عارضی جنگ بندی ہونے والی ہے اور سوئٹزر لینڈ میں فریقین میں ملک میں قیام امن کے لیے منگل کو مذاکرات ہورہے ہیں۔

حوثی ملیشیا اور یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح کی سابق جماعت جنرل پیپلز کانگریس ان مذاکرات میں شرکت کے لیے اپنے نمائندے بھیج رہی ہے۔سوئٹزر لینڈ میں مذاکرات کے آغاز سے قبل جنگ بندی ہوگی۔مئی اور جولائی میں بھی فریقین کے درمیان جنگ بندی کے اعلانات کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود لڑائی جاری رہی تھی اور فریقین نے ایک دوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عاید کیے تھے۔

مزید خبریں :