دنیا
15 دسمبر ، 2015

ٹرمپ کے متعصبانہ بیانات امریکی مشکلات بڑھارہے ہیں، مارک ویسی

ٹرمپ کے متعصبانہ بیانات امریکی مشکلات بڑھارہے  ہیں، مارک ویسی

ڈیلس .......راجہ زاہد اختر خانزادہ......امریکی رکن کانگریس مارک ویسی نے کہا ہے کہ القاعدہ اور داعش جیسی تنظیمیں مغربی ممالک میں خوف کو پروان چڑھا رہی ہیں، ڈونالڈ ٹرمپ نے متعصبانہ بیانات دے کر جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

امریکی کانگریس میں دفاعی کمیٹی کے رکن کانگریس مین مارک ویسی سے ڈیلس فورٹ ورتھ میں مقیم مسلمان کمیونٹی رہنمائوں سے ملاقات کا اہتمام مسلم ڈیموکریٹک کا کس کی جانب سے کیا گیا تھاجس میں رکن کانگریس کو امریکا میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت پر تشویش ‘ شام کے پناہ گزینوں اور فلسطین کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مارک ویسی سے ملاقات کے موقع پر مسلم ڈیموکریٹک کا کس کے رہنمائوں سید فیاض حسن‘ عماد سالم مسلم لیڈر شپ جس میں آفتاب صدیقی‘ حادی جواد‘ امیر مکھانی ‘ محب حسنی‘ ڈاکٹر جاوید اجمل‘ علامہ بابر رحمانی‘ ڈاکٹر محمد طارق‘ ڈاکٹر جلیل خان اور دیگر شامل تھےانہوں نے کانگریس مین کو امریکا میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت پر تشویش سے آگاہ کرتے ہو ئے کہا کہ امریکا میں رہنے والی مسلمان کمیونٹی اس وقت شدید ذہنی کرب ،اذیت اور خوف کے ماحول میں زندگیاں بسر کر رہے ہیں۔

اس موقع پر شام کے پناہ گزینوں نے کانگریس مین کو بتایاکہ وہ امریکا آنے کے کبھی بھی خواہشمند نہیں تھے ، اگر حالات صحیح ہوں تو وہ اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں مگر ایک طرف ان کے ملک میں انہیں مارا جا رہا ہے تو دوسری جانب امریکا ان کے آنے کے دروازے بند کرنا چاہتا ہے یہ کیسا انصاف ہے۔

کانگریس مین مارک ویسی نے اس موقع پر مختلف سولاات کے جواب میں کہا کہ امریکامیںنائن الیون کے بعد سے ہی صورت حال سنگین ہے لیکن ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے ٹکٹ کے خواہشمند ڈونالڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران متعصبانہ بیانات دے کر جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، اس کے لئے ضروری ہے کہ امریکی لیڈر شپ عوام کو بتائے کہ اصل حقیقت کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہامریکا میں مسجدوں کو آگ لگانا، مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کرنا اور متعصبانہ بیانات دینا کسی طور درست عمل نہیں اور ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ بھی اس کو درست نہیں سمجھتے ۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آئی سمیت وفاقی ایجنسیاں امریکا کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ دنیا کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

جنگ اور جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس رکن مارک ویسی نے کہا کہ وفاقی ایجنسیاں اس بات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں کہ شہری آزادیوں کے دیگربنیادی حقوق پامال نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلی فورنیا واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں اور اس میں ایک ایسے شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو کہ مسلم نہیں ہے،بہر حال شواہد اکھٹے کئے جا رہے ہیں۔

انہوںنےکہا کہ امریکا میںمسلمانوں کے خلاف اس طرح کی بڑھتی ہوئی صورت حال پر کانگریس میں بحث کرنے کی ضرورت ہے۔القاعدہ اور داعش جیسی تنظیمیں مغربی ممالک میں خوف کو پروان چڑھا رہی ہیں،جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے متعصبانہ بیانات دے کر جلتی پر تیل کا کام کیا ہے ، وہ جو کچھ اس وقت کر رہا ہے اس سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کانگریس مین نے کہا کہ شام کے پناہ گزینوں سے متعلق انہوں نے فنڈز مزید دینے کی سفارش کی ہے اور وہ اس بات کی گارنٹی دیتے ہیں کہ شہری آزادیوں اور انسانی حقوق کی پامالی کسی طور پر نہیں ہوگی اور ہم سب مل کر امریکا کی فلاح و بہبود اور ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے ۔

مزید خبریں :