27 مئی ، 2012
نیویارک … امریکی وزیر دفاع لیون پینیٹا نے کہا ہے کہ پاکستان سے امریکا کے تعلقات اب تک کے پیچیدہ ترین تعلقات ہیں، شکیل آفریدی کو دی گئی سزا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایک امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات میں اتار چڑھاوٴ آتا رہتا ہے مگرپاکستان سے موجودہ تعلقات اب تک کے پیچیدہ ترین ہیں، گوکہ پاکستان کے ساتھ ایسے دور بھی گزرے ہیں جن میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے سے اچھا تعاون کیا۔ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو 33 سال کی سزا کے فیصلے کے خلاف ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لیون پینیٹا نے کہا کہ یہ بات بہت پریشان کن اور سمجھ میں نہ آنے والی ہے کہ شکیل آفریدی کو اتنی طویل سزا کیوں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی نے دنیا بھر کو مطلوب دہشت گرد پکڑنے میں مدد کی تھی، وہ پاکستان کے خلاف کام نہیں کررہا تھا۔ لیون پینیٹا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں لڑائی ابھی جاری ہے اور امریکا افغانستان میں درست سمت میں جارہاہے ۔