27 مئی ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم حق پرست شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیگی ، سانحہ پکا قلعہ حیدرآباد کے شہداء کی 22ویں برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے شہداء تحریک کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہوں نے باطل قوتوں کے سامنے سرجھکانے کے بجائے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے تحریک کو جلا بخشی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کی تاریخ ساز کامیابیاں شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے اور جس نیک مقصد کی خاطر ایم کیو ایم کے شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ایم کیوایم اس مشن و مقصد کو پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائے گی۔