16 دسمبر ، 2015
ہیوسٹن......راجہ زاہد اختر خانزادہ.......امریکا کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن میں ہونے والے میئر شپ کے انتخابات میں مسلمانوں اور پاکستانی کمیونٹی کے حمایت یافتہ امیدوار سیلویسٹر ٹرنر نے میدان مارلیا اور اپنے مخالف امیدواربل کنگ کو4ہزار388ووٹ سے شکست دےدی۔
سیلویسٹر ٹرنر گزشتہ26سالوں سے امریکی ریاست ٹیکساس کی اسمبلی میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر ریاست کے نمائندے منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں،انہوں نے میئر شپ کا انتخاب دو مرتبہ لڑا تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہو سکی تاہم تیسری کوشش میں جس میں انہیں مسلمانوں اورخاص طور پر پاکستانی کمیونٹی کی حمایت حاصل تھی کامیابی حاصل کی۔
ہیوسٹن کی تاریخ میںوہ دوسرے سیاہ فام امریکی ہیں جو میئر منتخب ہو ئے۔وہ58سال پہلے ایک غریب گھرانے میں پیدا ہو ئے،ان کے والد پینٹر تھے جبکہ والدہ مقامی ہوٹل میں صفائی کا کام کرتی تھیں۔ سیلویسٹر ٹرنر نے ہارورڈ یونی ورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور1983 سے ڈیمو کریٹک پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاست میں حصہ لے رہے ہیں۔میئر شپ کے مقابلے میں ان کے مخالف امیدوار بل کنگ کو ری پبلکن کی حمایت حاصل تھی جبکہ سیلویسٹرٹرنرکو ڈیموکریٹک پارٹی اور باراک اوباما نےحمایت کی۔
میئر کے انتخاب سے چار ہفتے قبل مسلمانوں اور پاکستانی کمیونٹی نے ان کی حمایت کا اعلان کیا اور میئر شپ کے مزید دو امیدوار بھی ان کی حمایت میں دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی جیت کو یقینی سمجھا جا رہا تھا۔پاکستانی کمیونٹی نے سیلویسٹر ٹرنر کو نہ صرف ووٹ دیئے بلکہ ان کی انتخابی مہم کےلئے50ہزار ڈالرز کا عطیہ بھی دیا جس پرانہوں نے پاکستانی کمیونٹی اور خاص طورپرکراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ کا شکریہ ادا کیا۔
میئر منتخب ہونے کے بعد سیلویسٹر ٹرنر نے کہا کہ وہ نہ صرف مسلمان کمیونٹی کوہیوسٹن میں تحفظ فراہم کریں گے بلکہ شہری حکومت میں انہیں نمائندگی بھی دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہیوسٹن ایک بین الثقافتی شہر ہے اور یہ ہی اس شہر کی خوبصورتی ہے،لہٰذاہم سب مل کر شہر کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے۔تقریب میں اراکین کانگریس جس میں شیلا جیکسن،الگرین،کراچی ہیوسٹن سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ،پاکستانی کمیونٹی کے طاہر جا وید،تاثیر بدر،ڈاکٹر یعقوب شیخ،شاہد جاوید،ڈاکٹر آصف قدیر موجود تھے جنہوں نے سیلویسٹر ٹرنر کو میئر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی۔
سلویسٹر ٹرنر اگلے ماہ جنوری میں عہدے کا حلف اٹھائیں گے،ہیوسٹن کی موجودہ میئر انیس مارکر گزشتہ6سال سے ہیوسٹن کی میئر تھیں اس مرتبہ انہوں نے میئر شپ کی انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔