17 دسمبر ، 2015
کراچی… رفیق مانگٹ… بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جنگ کا آپشن نہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان سے بات چیت کر رہے ہیں اوربھارت اپنے شہریوں کی سلامتی اور حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔
بھارتی اخبار”انڈین ایکسپریس “ کے مطابق وزیر خارجہ نے لوک سبھا سے خطاب میں یہ بیان دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا فیصلہ کیا ہے، مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے وزرائے اعظم نے حال ہی میں پیرس اور اس سے پہلے جولائی میں روس میں ملاقات کے دوران مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ بنکاک میں قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات میں دہشت گردی کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا تاہم ایک اجلاس تمام مسائل کا حل نہیں لہذا ہم ڈائیلاگزجاری رکھیں گے۔
بی جے پی رکن گنیش سنگھ نے سوال کیا کہ کیا بھارت ویسا ہی کوئی آپشن تلاش کر رہا ہے جیسا امریکہ نے اسامہ بن لادن کے حوالے سے کیا تھا ؟ سشما سوراج نے جواب میں کہا کہ جنگ کا ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں، ہم بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کریں گے۔
سشما سوراج نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں اور وزیر اعظم مودی نے بھی واضح کیا ہے کہ مذاکرات اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ڈائیلاگزدھماکے کی آواز میں دب جاتے ہیں۔