17 دسمبر ، 2015
لاہور........وسیم اکرم اپنی بہترین باؤلنگ اورماہرانہ تجزیوں سے شائقین کرکٹ کو ہمیشہ اپنا گرویدہ بنائے رکھتے ہیں لیکن اپنی بیٹی عائلہ کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شیئر کرکے انھوں نے یہ بھی ثابت کردیا کہ وہ ایک شفیق باپ بھی ہیں۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی اِس تصویر میں دونوں باپ بیٹی ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوش نظر آرہے ہیں۔اپنی دوسری ٹوئیٹ میں kidsforlife# کے ہیش ٹیگ کیساتھ وسیم اکرم نے شائقین کو بتایا کہ انھوں نے اور ان کی اہلیہ نے اپنی بیٹی کا نام عائلہ رکھا جس کا مطلب چاند کی روشنی ہے کیونکہ دسمبر 2014 کے اْس سیاہ وقت میں عائلہ اْن کیلئے روشنی کی کرن ثابت ہوئی۔
عائلہ کی پیدائش پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے تقریباً دو ہفتے بعد 28 دسمبر 2014 کو ہوئی تھی۔وسیم اکرم کی اہلیہ شنائیرا نے بھی اس ٹوئٹر گفتگو میں حصہ لیا اور اپنے شوہر کو یاد دلایا کہ ان کی بیٹی ایک سال کی ہونیوالی ہے اور اب اْن کے مداحوں کو توقع ہے کہ عائلہ کی سالگرہ کی تقریب بھی نہایت شاندار ہوگی۔
وسیم اور شنائیرا اکرم اکثرو بیشتر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنی سرگرمیوں کی تصاویرشائقین کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔