پاکستان
28 مئی ، 2012

ایبٹ آباد میں ہماری خودمختاری کی دھجیاں اڑائی گئیں، نواز شریف

ایبٹ آباد میں ہماری خودمختاری کی دھجیاں اڑائی گئیں، نواز شریف

لاہور… مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہایبٹ آباد میں ہماری خودمختاری کی دھجیاں اڑائی گئیں، ایبٹ آباد واقعے پر زرداری صاحب تعریفی کلمات لکھتے ہیں ، ہم نے ایٹمی دھماکے کئے جس نے دشمن کے کئی دھماکے روکے۔ وہ یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ کہتے ہیں میں دھماکوں کے لیے راضی نہیں تھا ، ہم نے ایٹمی دھماکے کے لیے 17دن کا انتظار کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ الماتے میں ہمیں بھارت کے ایٹمی دھماکے کی خبر ملی تھی، اس وقت مشاہد حسین میرے تھے ، جب ہمیں بھارت کے ایٹمی دھماکے کی خبر ملی تھی اسی وقت ہم نے دھماکے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹم بم چلانا کوئی آسان کام نہیں ہے ،پاکستان کے پاس ایسی قوت ہے جس کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پابندیوں لگانے والوں نے ہم پر پابندیا ں لگادیں،ہم نے فیصلہ کرلیاتھا کہ بیرونی امداد نہیں مانگیں گے، ہم نے 5 ارب ڈالر کا پیکیج ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے۔ نواز شریف نے کہا کہ قوم منزل کی تلاش میں بھٹکی ہوئی ہے، ابھی تک منزل کا تعین نہیں ہوا، تبدیلی آرہی تھی لیکن اسے روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعمیری کاموں کے بجائے مفادپرستی میں ڈوبی ہوئی ہے،حکومت حاجیوں کا مال تک کھاگئی، کسی کو کراچی کی خونریزی کی فکر ہے؟کسی کو حکومت چلانے کی سوجھ بوجھ ہے ؟ زرداری شکاگو میں کیا لینے گئے تھے؟ انہوں نے کہا کہ 90دن میں مسائل حل کرنے کا کہنے والے جھوٹ بولتے ہیں۔

مزید خبریں :