28 مئی ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن کمشنر کیلئے بھیجے جانے والے تینوں ناموں پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے فخرالدین جی ابراہیم،ناصر اسلم زاہد اور شاکر اللہ جان کے نام تجویز کئے تھے۔ پیپلز پارٹی کو اعتراض ہے کہ جسٹس ریٹائرڈناصر اسلم زاہد اس بنچ میں شامل تھے جس نے جسٹس سجاد علی شاہ کو فارغ کیا تھا اور وہ مسلم لیگ ن کے قریبی سمجھے جاتے ہیں۔جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم پیپلز پارٹی کے خلاف لوگوں کو ٹی وی چینلز پر اکساتے رہتے ہیں جبکہ شاکر اللہ جان بھی چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کیلئے مناسب نہیں۔ پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ان تحفظات کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔ وزیراعظم کے مشیر فواد چودھری نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے بھجوائے گئے ناموں پر اعتراض کیا ہے۔