28 مئی ، 2012
کوہستان … ضلع کوہستان میں قبائلی جرگے نے شادی کی تقریب میں رقص کرنے پر 4 لڑکیوں اور 2 لڑکوں کو سزائے موت سنادی۔ کوہستان کی تحصیل پالس کی یونین کونسل پیچ بیلہ میں شادی کی تقریب میں رقص موت کا پروانہ بن گیا۔ سرم خیل قبیلے سے تعلق رکھنے والی 4 لڑکیوں اور صالح خیل کے 2 لڑکوں کی ایک ساتھ رقص کرتے ہوئے خفیہ ویڈیو نے دونوں قبائل کے سینکڑوں افراد کی جانیں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ ویڈیو میں رقص کرتے گل نذر اور بنیا سیر کے بھائی محمد افضل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ چاروں بھائی کسی نامعلوم مقام پر پناہ لئے ہوئے ہیں، باہر آئیں تو مارے جائیں گے، قبائلیوں نے لڑکیوں کو قید کر رکھا ہے۔ اس نے یہ بتایا کہ ویڈیو جعلی ہے اور کئی سال پہلے ویڈیو کا حصہ بننے والی لڑکیاں اب شادی شدہ ہیں۔ علاقائی روایات کے مطابق غیر محرم کے ساتھ تعلقات ناقابل معافی ہیں۔ ڈی سی اوعاقل بادشاہ کے مطابق واقعے کا علم پولیس کو ہونے کے بعد علاقے میں اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔ دونوں قبائل میں خونریزی روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔