27 دسمبر ، 2015
لندن....... شمالی انگلینڈ میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے پیش نظر کئی علاقوں میں گھروں کو خالی کرا لیا گیا جبکہ مانچسٹر اور لیڈز میں دریاوں کا پانی باہر بہنے لگا ۔
سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصان میں موٹر وے ایم 62 پر بڑا شگاف پڑ گیا ہے جبکہ گریٹر مانچسٹر میں200 سال پرانا مے خانہ جو آج کل زیرِ استعمال نہیں تھا، تباہ ہوگیا ۔ محکم موسمیات نے ان علاقوں میں شدید موسم کی دو ،وارننگز جاری کی ہیں جن کا مطلب ہے کہ اگر مزید بارش ہوئی تو زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
اس وقت انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں 300 کے قریب وارننگز جاری کی گئی ہیں جن میں سے 22 کی نوعیت انتہائی شدید ہے۔ دریا اِرویل اور روچ دونوں کے کناروں سے پانی باہر بہہ رہا ہے جس سے سیلفرڈ، مانچسٹر شہر کے وسط اور روچ ڈیل میں سیلاب کی حالت ہے۔ مرکزی لیڈز میں سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں جہاں دریائے آئر کے لیے شدید نوعیت کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔